تعارف

ارائیں برادری کے اہلِ فکر اور مخلص افراد نے 1997ءمیں انجمن ارائیاں پاکستان سندھ کی بنیاد رکھی ۔ یہ ایک فلاحی اور غیر سیاسی تنظیم ہے جو کہ برادری کی فلاح و بہبود کیلئے قائم کی گئی ہے۔ جو سب ہی سماجی اور فلاحی پہلو ﺅں کو اپنے دائرہ خدمت میں سمیٹے ہوئے ہے۔ جس میں تعلیم ، روزگار، صحت اور بیواﺅں تیموں کی امداد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ جبکہ وقتی ضروریات شادی بیاہ، بیماری اور اچانک پیدا ہوجانے والے حالات میں تعاون شامل ہے۔ الحمداللہ آج سندھ بھر میں اگر کوئی برادری اپنا نیٹ ورک رکھتی ہے تو وہ انجمن ارائیاں پاکستان سندھ ہے۔
اس کے قیام کی بنیادی فکر برادری کے کمزور لوگوں کو تعلیمی ،معاشی اور معاشرتی طور پر بہتر مقام پر دیکھنا تھا۔ جس میں الحمد اللہ کامیابی حاصل ہورہی ہے اور ہزاروں لوگ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اور اپنے کاروبار کے ذریعہ اپنے اپنے خاندانوں کو مستحکم بنیادوں پر کھڑا کر چکے ہیں۔
ہمارے قائم کردہ ہسپتالوں ، ڈسپینسریوں ، کوچنگ سینٹرز، قرآن سینٹرز، سلائی کڑھائی کے تربیتی مراکز ، ارائیں روزگار اسکیم کے تحت چھوٹے کاروبار کیلئے سرمایہ ،آٹو رکشے، آٹو لوڈر، ٹھیلے، کیبنز اور سلائی سینٹرز سے تربیت یافتہ بچیوں کو ذاتی روزگار کیلئے سلائی مشینوں کی فراہمی جاری رہتی ہے۔
انجمن ارائیاں پاکستان سندھ ارائیں برادری کی ایک فعال اور قابلِ فخر تنظیم بن کر آگے بڑھ رہی ہے۔ جس کا ہر ساتھی کار خیر میں اپنے مال سے حصہ ڈالتا ہے اور برادری کے صاحب دل، اہل ثروت افراد سے تعاون حاصل کرتا ہے تاکہ محرومیوں کی دھول سے اٹے ہوئے اور ناہموار معاشی پالیسیوں کے مارے ہوئے لوگوں کے چہروں کو کسی قدر صاف کرے، انہیں سہارا فراہم کرے۔ اگر چہ شروع میں خدمت ایک جگنو کی روشنی کی مانند تھی مگر آہستہ آہستہ اس نے ماحول کو منور کر دیا ۔
انجمن ارائیاں نے گزشتہ 20سالوں میں اپنے ہم نسل لوگوں تک سندھ بھر میں رسائی کر کے انہیں کار خیر کیلئے منظم کیا ہے۔ ان کے نیک جذبوں کو مہمیز دی ہے۔ جو بیٹھے تھے ان کو کھڑا کیا ،جو کھڑے تھے انہیں متحرک اور کار خیر کیلئے رواں دواں کیا ہے الحمد اللہ چراغ سے چراغ جل رہے ہیں ۔ہر آنے واے دن کے ساتھ ایک نئی منزل سر کر رہے ہیں ۔یہ سب رب کے فضل سے ہے۔
ہم یہ تونہیں کہہ سکتے کہ ہم نے اپنے ٹارگٹ حاصل کر لیئے ہیں ہاں البتہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ انجمن ارائیاں پاکستان سندھ کے مخلص ساتھیوں نے اپنے عملی اور مالی ایثار کے ساتھ ساتھ برادری میں صاحبِ ثروت اور اہلِ خیر کے تعاون سے جو کچھ کر سکتے تھے اُس میں کمی نہیں چھوڑی۔ انجمن ارائیاں پاکستان سندھ کا مرکزی سیکٹریٹ فلیٹ نمبر M-3، میزنائن فلور، فلک ناز ویو، شارع فیصل، بلمقابل جناح ٹرمینل ، کراچی پر ہے جہاں شعبہ جات کے دفاتر کام کر رہے ہیں